کوروناوائرس | احتیاطی تدابیر کے ساتھ زرعی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی: بصیر احمد خان

سرینگر//لفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے تحت عائد بندشوں کے مدِ نظر زرعی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں تا ہم مناسب احتیاط کے ساتھ ہی اس کی اجازت دی جائے گی ۔ مشیر موصوف نے ان خیالات کا اظہار  ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ناظمِ زراعت ، ناظمِ باغبانی ، ناظم پھول بانی ، ڈائریکٹر ایچ پی ایم ، ڈائریکٹر سیریکلچر ۔ ناظم صنعت و حرفت اور متعلقہ افسران موجود تھے ۔ مشیر نے کہا کہ میوہ باغوں میں ضروری ادویات کے چھڑکاؤ اور کھادوں کی تقسیم کاری کے علاوہ دیہی علاقوں میں زرعی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے حکومتی سطح پر مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کسان طبقے کو ضروری جانکاری فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ زونل ایگریکلچر آفیسر متعلقہ کسانوں کو ضروری پاس فراہم کریں گے تا کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے زرعی سرگرمیاں انجام دے سکیں ۔ مشیر موصوف نے اُن افراد کیلئے طبی ٹیم تعینات کرنے پر بھی زور دیا جنہیں پاس فراہم کئے جائیں گے تا کہ وہ اُن کی جانچ کر سکیں ۔ ناظمِ زراعت ، ناظمِ باغبانی اور دیگر افسروں نے جانکاری دی کہ زرعی اور باغبانی سرگرمیاں شروع کرانے کیلئے محکمہ کی سطح پر لازمی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کو ہدایت دی کہ وہ کسان طبقے میں کووڈ 19 کے تعلق سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری پھیلائیں ۔ مشیر موصوف نے حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائیزری پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے احکامات دئیے ۔ ناظم صنعت و حرفت کو ہدایت دی گئی کہ وہ صنعتی سرگرمیوں کیلئے نقل و حمل کی تفصیل تیار کر کے صوبائی کمشنر کے دفتر کو پیش کریں ۔ مشیر موصوف نے ہدایت دی کہ ہر ضلع کا ڈپٹی کمشنر متعلقہ دفاتر میں پاس فراہم کرنے کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کرے گا تا کہ کووڈ 19 کے دوران مناسب طریقے پر زرعی سرگرمیوں کی اجازت دی جا سکے ۔