کورونامعاملوں میں اضافے پرساگر کوتشویش

سرینگر// نیشنل کانفرنس نے جموں کشمیر کے تینوں خطوں میں بڑتے ہوئے کرونا متاثرین کیسوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے ایک بیان میں مرکزی وزارت صحت و جموں کشمیر کے صحت  شعبے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس وبائی بیماری پر قابو پانے کیلئے اپنی پوری مشینری متحرک کریں تاکہ قیمتی جانوں کا زیاں روکاجائے۔ ساگر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وادی کے اسپتالوں میں آکسیجن اور وینٹی لیٹروں کی قلت ہے جس کی وجہ سے اس وبائی مرض میں مبتلا متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ساگر نے انتظامیہ سے کہا کہ اگر حکومت نے (صحت وزارت) بندشوں والے زونوں کا قیام عمل میں لایا لیکن بدقسمتی سے ان زونوں میں ان گھرانوں جو اس وبائی بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں، کو مناسب اور معقول علاج و معالجہ یا دیگر سہولیات فراہم نہیں ہو رہے ہیں۔ ساگر نے اسپتالوں کے سربراہاں،معالجین اور طبی ورکروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس وبا میں مبتلا بیمارئوں کی صحیح نگہداشت کریں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ڈاکٹروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر  ان بیماروں کی خدمت کی ہے،جس پر قوم کو ناز ہے۔