عاصف بٹ
کشتواڑ// تیسری رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ کورٹ کشتواڑ میں پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج کشتواڑ وائی پی کوتوال کی صدرات میں منعقد ہوا۔میٹنگ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی تعمیل میں منعقد کی گئی تھی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، ایڈیشنل ایس پی کشتواڑ، ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی ، سی ای او میونسپل کمیٹی، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ، پبلک پراسیکیوٹر کشتواڑ نے شرکت کی۔میٹنگ میں ممبر سیکرٹری کوارڈی نیشن کمیٹی وائی پی شرما (سی جے ایم کشتواڑ) نے تمام اراکین سے ایجنڈا میں بحث کے لیے پیش کی گئی قرارداد کے سلسلے میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کی۔ شروع میں ہی کمیٹی نے وکالت اور عملے کے لیے پارکنگ ایریا کو بحال کرنے پر سی ای او میونسپل کمیٹی کشتواڑ کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین کوارڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے میونسپل حکام کو ہدایات دی گئیں کہ وہ عدالت کے احاطے کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنائیں۔عدالت کے احاطے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر پولیس حکام کا بھی شکریہ ادا کیا گیا اور عدالتی احاطے کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔