کنگوٹا بدھل میں ڈسپنسری 18برسوں سے تعمیر کی منتظر

راجوری//حکومت کی طرف سے ترقی کے بلند و بانگ دعوؤں کے درمیان18 برسوں میںسے محکمہ تعمیرات عامہ راجوری کے گائوں کنگوٹا بدھل میں شعبہ صحت کی ایک چھوٹی سی عمارت کی تعمیر مکمل کرنے میں ناکام ثابت ہوا ۔کشمیر عظمیٰ کے پاس موجود تفصیل کے مطابق راجوری بدھل کے کنگوٹا گاؤں میں انڈین سسٹم آف میڈیسن (آئی ایس ایم) ڈسپنسری کی تعمیر کا کام سال-05 2004 میں شروع کیا گیا تھا لیکن کام ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔عمارت ابھی تک نامکمل ہے جبکہ نا مکمل ڈھانچہ اب آہستہ آہستہ کھنڈرات میں تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں بشمول سرپنچ محمد فاروق انقلابی اور دیگر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس عمارت کی تعمیر کے لئے بھاری رقم جاری کی گئی تھی تاہم نا معلوم وجوہات کی بنا کر کام کو روک دیا گیا ہے ۔مکینوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک چھوٹی سی عمارت کی تعمیر محکمہ 18برسوں میں بھی مکمل نہیں کرسکا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت صحت کا برائے نام ادارہ کرایہ کی عمارت سے چلایا جارہاہے ۔مکینوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔ایگزیکٹیو انجینئر روڈز اینڈ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ عمارت سلیب تک مکمل ہے لیکن باقی کام نہیں ہوسکا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ تخمینہ لاگت کے مطابق فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے کام تعطل کا شکار ہو ا ہے ۔