کنگن کے بیشتر دیہات بجلی سے محروم | لوگ محکمہ سے نالاں،فوری توجہ کا مطالبہ

کنگن //سب ضلع کنگن میں دو پاور پروجیکٹ موجود ہونے کے باوجود بجلی کی شدید قلت پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں بلکہ کاروباری حلقوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کنگن، مرگنڈ، ڑیر ون، ٹھیون، گنی ون، سمبل، فراؤ، ہاکنار،گنڈ، ریئل، کلن، ریزن ، گوہی پارہ اور گگن گیر علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ سب ضلع کنگن میں دو پاور پروجیکٹ موجود ہیں لیکن اس کے باوجودلوگوں کو بجلی کی سخت قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شام ہوتے ہی گھپ اندھیرا چھاجاتا ہے۔ لوگوں نے کہاکہ اگرچہ بجلی سپلائی کے لئے محکمہ نے شیڈول مرتب کیا ہے لیکن اس پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ گگن گیر کے لوگوں نے بتایا کہ گگن گیر میں ایک رسیونگ سٹیشن قائم ہے جس سے موسم سرما کے دوران دومیل ،بالہ تل، نلہ گراٹھ، سربل،سونہ مرگ، شتکڑی، گگن گیر، بارڈ پاڈن، ریزن، گوہی پورہ، زری پورہ، کلن اور رئیل تک بجلی سپلائی ہوتی ہے اور 24گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے لیکن موسم سرما شروع ہونے کے ساتھ ہی فقط گگن گیر سے رئیل تک ہی بجلی  فراہم کی جاتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس طرح رسیونگ اسٹیشن کا لوڈ کم ہوجاتا ہے لیکن پھر بھی یہاںانہیںبجلی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے لوگ سردی کے ان ایام میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔