غلام نبی رینہ
کنگن//کنگن سب ڈویژن میں محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے کوڑاکرکٹ اورگندگی اُٹھانے کیلئے دستیاب رکھے گئے ہوپر(گاڑیاں) گزشتہ چار ماہ سے مبینہ طور غائب ہیں،جس کی وجہ سے لوگ پھر سے کوڑاکرکٹ اور گھروں میں پیداہونے والی گندگی کوندی نالوں کے برد کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں۔محکمہ دیہی ترقی نے سب ڈویژن میں گھروں ،ہوٹلوں اور ریستورانوں میں پیداہونے والے کوڑے کرکٹ کوجمع کرنے کیلئے کئی گاڑیاں(ہوپر)دستیاب رکھے تھے،لیکن مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ چار ماہ سے کوئی بھی ہوپران علاقوں میں کوڑاکرکٹ جمع کرنے کیلئے نہیں آرہا ہے۔مقامی لوگوں اور ہوٹل مالکان نے بتایا کہ وہ اگرچہ ضلع انتظامیہ گاندربل کو اس کیلئے ماہانہ فیس بھی اداکرتے ہیں ،لیکن اب ان گاڑیوں کی خدمات کو جیسے بند کردیاگیاہو۔قابل ذکر ہے کہ کنگن میں کوڑاکرکٹ کوٹھکانے لگانے کیلئے انتظامیہ نے اراضی کی نہ صرف نشاندہی کی تھی بلکہ اس کی تاربندی بھی کی گئی ہے ۔اس بارے میں نمائندے نے حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ،لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔