کنگن میں چوری کا معمہ حل

کنگن//گاندربل پولیس نے چوری کی ایک واردات کو حل کرتے ہوئے ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لاکر مال مسروقہ برآمد کیا ۔29نومبر کو کنگن تھانہ میں ایک دوکاندار محمد سیف خان ساکن توحید پورہ کنگن نے ایک شکایت درج کی تھی کہ ان کی دوکان سے لاکھوں روپے کے زیورات 28اور 29نومبر کی درمیانی شب کو اڑا لیا۔ ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ایس ایچ او کنگن ترک ظہور کی سربراہی میں ایس ڈی پی او کنگن سید یاسر قادری کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے بعد انہوں نے چور کی تلاش شروع کردی۔ تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے چور کی پہچان کی گئی جو ضلع گاندربل سے ہندوارہ فرار ہوگیا تھا ۔مذکورہ شخص کو گرفتار کرنے کے لئے  پولیس کی ایک خصوصی ٹیم کو ہندوارہ روانہ کیا گیا ۔ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مذکورہ شخص جموں کی طرف روانہ ہورہا ہے جس کے بعد پولیس نے بجبہاڑہ پولیس کی مدد سے مذکورہ شخص کو سنگم کے مقام پر حراست میں لیا گیا اور کنگن پہنچایاگیا ۔مذکورہ شخص کی شناخت بلال احمد لون  ساکن مرتگام ہندوارہ کے طور پر کی گئی ۔ پولیس بیان کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کے قبضے سے لاکھوں روپے کے تانبے کے برتن اور سونے کے زیورات برآمد کئے گئے ۔پولیس نے اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کردی ہے اور ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 140/2021 درج کیا ہے۔