کنگن میں پینے کے پانی کی قلت

کنگن//کنگن میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے باعث عوام کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ وانگت فلٹریشن پلانٹ سے جو پینے کا پانی ریزروائر تک پہنچتا ہے ،وہی پانی پورے کنگن کو فلٹر کئے بغیر فراہم کیا جاتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے  جل شکتی محکمہ کے افسران کو بار بار آگاہ کیا کہ کنگن میں لوگوں کو بغیر فلٹر پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ایس ڈی ایم کنگن سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ادھر کسانہ پتی ہاری گنہ ون کنگن میں گذشتہ تین روز سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ جل شکتی محکمہ نے علاقے میں ایک ٹینکر کو دستیاب رکھا ہے لیکن پوری بستی اس سے مستفید نہیں ہورہی ہے۔لوگوں نے مطالبہ کیا کہ پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔