کنگن// کنگن میں دوکانداروں اور ٹینٹ مالکان نے سوموار کو شرائن بورڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دیکرسرینگر لیہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت روک دی ۔سوموار کی صبح دوکانداروں اور ٹینٹ مالکان کی ایک بڑی تعداد ایس ڈی ایم کنگن کے دفتر کے باہر نمودار ہوئی اور شرائن بوڈ کے خلاف نعرے بازی شروع کی ۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں گھپا اور بال تل کے راستے مختلف مقامات پر عارضی دوکانیں اور قیام گاہیں قائم کرتے ہیں لیکن شرائن بوڈ کی طرف سے امسال انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عارضی دوکانیں اور دیگر کیمپوں سے حاصل ہونے والی آمدنی بہت سارے مقامی لوگوں کا واحد ذریعہ معاش ہے اور اس بار انہیں اس ذریعہ سے محروم کرکے ان کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔انہوںنے کافی دیر تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں سرینگر لیہ شاہراہ پر ایک گھنٹے تک گاڑیوں کی آمد رفت مسدود ہوکر رہ گئی۔بعد میں ایس ایچ او کنگن نثار احمد حرا نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میںایس ڈی ایم کنگن کے ساتھ بات کریں گے جس کے بعد مظاہرین نے پر امن طور احتجاجی دھرنا ختم کیا ۔