کنگن+بانہال//وسطی ضلع گاندربل کے ہاری گنہ ون کنگن میں سڑک کے ایک المناک حادثہ میں 27سیاح زخمی ہوئے ، جن میں سے دو خواتین موقع پر لقمہ اجل بن گئیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس حادثہ پردکھ کا اظہار کیا ہے۔ادھر ادہمپور میں مختلف حادثات کے دوران 5افراد جاں بحق ہوئے۔جمعرات کو سونہ مرگ سے سرینگر کی طرف واپس جارہی سیاحوں کی ایک بس زیر نمبر /9382 JK01Nڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 27سیاح زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگ حادثے کی جگہ پہنچ گئے اور بچا ئوکاروائی شروع کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال کنگن منتقل کیاگیا جہاں سے انہیں صورہ اور جے وی سی لیجا یا گیا۔تاہم اس حادثہ میں موقعہ پر ہی دو خواتین سیاح دم توڑ بیٹھیں۔جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ایس ایس پی گاندربل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثے میں دو خواتین کی موت واقع ہوئی اور 25افراد زخمی ہوئے، جن کا علاج جاری ہے۔ ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دو سیاحوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج کے لئے خصوصی ہدایت دی۔ادھر جمعرات کی سہ پہر بعد ضلع ادہمپور کی رامنگر تحصیل کے نتھل علاقے میں ایک ایکو گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میںجا گری جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال میں لیجاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ پولیس نے بچائو کاروائیوں کے بعد زخمیوں اور ہلاک شدگان کو گہری کھائی سے نکالا اور انہیں سب ضلع ہسپتال رام نگر منتقل کیا ۔اس سے پہلے ضلع ادہمپور میں سرینگر شاہراہ پر پھلاٹا کے مقام پر مسافروں سے بھری ایک ونگر گاڑی سڑک کے کنارے نصب پیرافٹ pherapet سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ونگر میں سوار آٹھ مسافر زخمی ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔