سرینگر// اسمبلی حلقہ کنگن میں بجلی کی ابتر صوتحال کے خلاف نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈروایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ٹرانسفامر خراب ہونے کے باعث کنگن کے اکثر علاقے گھپ اندھرے میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ان کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے محکمہ بجلی لیت لعل سے کام لے رہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں میاں الطاف احمد نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب کنگن کے متعدد ٹرانسفارمر پچھلے ایک ماہ سے خراب پڑے ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقے گھپ اندھیرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ورکشاپ مالکان کو فنڈس واگزار نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے وہ ٹرانسفارمروں کی مرمت نہیں کرپارہے ہیں اور اس کا خمیازہ صارفین کو اٹھانا پڑرہا ہے ۔ایم ایل اے موصوف نے انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے اعلی حکام سے تلقین کی ہے کہ ٹرانسفارمروں کی مرمت کےلئے فوری اقدامات کریں تاکہ کنگن کے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔