کنگن اور پٹن قصبہ میں بجلی کی عدم دستیابی

کنگن //بارڈ پارڈن گگن گیر اور بٹہ پورہ ٹنگہ چھتر کنگن میں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ ادھر پٹن قصبہ میں شیڈول کے تحت بجلی فراہم نہ کرنے پر عوام اورتاجر نالاں ہیں۔ بارڈ پارڈن گگن گیر گنڈ میں بجلی ٹرانسفارمر ایک ہفتہ قبل خراب ہوگیا جس کو ابھی تک مرمت کرکے بستی میں نصب نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی بستی گھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ادھر بٹہ پورہ ٹنگہ چھتر کنگن کی مقامی بستی کا بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوگیا ہے جس کو مرمت کے لئے گاندربل ورکشاپ لیا گیا تاہم ابھی تک ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان بستیوں میںرہائش پذیر ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو سردی کے ایام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ادھر پٹن قصبہ میں لوگوں کاکہناہے کہ سردیاں آتے ہی بجلی کی عدم دستیابی اور آنکھ مچولی ایک معمول بن جاتاہے۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ قصبہ میں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے جو صارفین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر بجلی فیس ادا کرتے ہیں لیکن شیڈول کے مطابق برقی رو صارفین کو فراہم نہ کرنے سے سردیوں میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ پٹن میں تاجروں کاکہناہے کہ ان کی تجارت کادارومدار بجلی پر ہے اور برقی رو کی آنکھ مچولی سے ان کی تجارت متاثر ہورہی ہے۔ اس دوران صارفین اور تاجروںکے علاوہ طلاب بھی بجلی کی عدم دستیابی سے نالاںہیں۔ طلاب کاکہنا ہے کہ ان دنوں امتحانات چل رہے ہیں اور بجلی کی عدم دستیابی سے ان کی پڑھائی بہت متاثر ہورہی ہے۔ پٹن قصبہ میں رہائش پذیر ہزاروںنفوس پر مشتمل آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔