کنگن اور سونہ مرگ میں بجلی کی آنکھ مچولی

غلام نبی رینہ
کنگن//سب ضلع کنگن اور تحصیل گنڈ کے علاوہ صحت افزا مقام سونہ مرگ میں ماہ صیام کے متبرک ایام میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سحری اور افطار کے اوقات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان علاقوں میں رہائش پذیرلوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماہ رمضان میں بلا خلل بجلی کی سپلائی فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے گئے تھے لیکن ایامِ مقدس شروع ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔ ادھر صحت افزا مقام سونہ مرگ میں قائم ہوٹل مالکان نے بتایا کہ اگرچہ ان دنوں سونہ مرگ میں سیاحوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے اوریہاں کے ہوٹلوں میں بکنگ جار ی ہے لیکن یہاں بجلی کی عدم دستیابی نے پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی آنکھ مچولی کے سلسلے کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ انہیں سیاحتی سیزن میں پریشان نہ ہونا پڑے۔