کنڈی ۔جواہر نوودیلے 2کلو میٹر سڑک

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے کنڈی علاقہ سے جواہر نوودیلے دو کلو میٹر سڑک کی مرمت کے دوران غیر معیاری ساز و سامان استعمال کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دہائیوں قبل انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سڑک کی تعمیر عمل میں لاکر دو علاقوں کو آپس میں جوڑا گیا تھاتاہم برسوں بعد محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے سڑک کی مرمت کا عمل شروع کیا گیا لیکن اس میں غیر معیاری مٹریل کا استعمال کیا جارہا ہے ۔محمد بشیر ،شیر علی ودیگر مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں کی جدوجہد کے بعد سڑک کی مرمت کا عمل شروع کیا گیا لیکن اس میں بھی غیر معیاری ساز و سامان استعمال کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ دو کلو میٹر کے بجائے چھ سو میٹر سڑک کی ہی مرمت کررہا ہے جبکہ نالیوں ،حفاظتی باندھ و دیگر کلوٹوں کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مر مت میں معیاری کام کروایا جائے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کیلئے 11لاکھ روپے مختص رکھے گئے ہیں جبکہ نالیاں اور کلوٹ اس میںشامل نہیں ہیں ۔