محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دیہات میں مختلف محکموں کے زیر تحت تعمیر ہونے والی رابطہ سڑکیں گزشتہ کئی برسوں سے مقامی لوگوں و عام راہگیروں کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہیں ۔مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کی جانب سے سڑکوں کی بہتری کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے جبکہ مقامی انتظامیہ بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو ئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژن میں آنے والی کنڈی تا موہڑہ 14کلو میٹر رابطہ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی لاپرواہی سے انتہائی غیر معیاری بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو ئی ہے جبکہ نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے ملحقہ علاقہ کا پانی سڑک سے بہہ کر عام لوگوں کی زرعی زمینوں و رہائشی مکانات کو بھی متاثر کررہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی سے رجوع کرنے کے بعد بھی سڑک کو ٹھیک نہیں کیاجارہا ہے ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ خستہ حال سڑک کو درست کر کے عام لوگوں کو سہو لیات دستیاب کروائی جاسکیں ۔