کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین پر پولیس کی یلغار

سرینگر// پولیس نے کل کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین کے سیکرٹریٹ گھیرائو پروگرام کو ناکام بناتے ہوئے ایجیک سربراہ عبدالقیوم وانی سمیت درجنوں ملازمین کو حراست میں لے لیا جبکہ لاٹھی چارچ سے کئی ملازمین کو چوٹیں آئیں ۔ اپنے مطالبات کو منوانے کیلئے  کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین بدھ کو پرتاپ پارک لالچوک میں جمع ہوئے ۔احتجاجی ملازمین مستقلی کے حوالے سے  پالیسی ترتیب دینے کی مانگ کررہے تھے ۔احتجاجی ملازمین میں خواتین ملازمین بھی شامل تھیں ۔اس موقعہ پر ایجیک کے صدر عبدالقیوم وانی اور دیگر ملازم لیڈروں نے خطاب کیا ۔ملازمین نے پر تاپ پارک سرینگر میں احتجاجی دھرنا درج کرنے بعد ملازمین نے طے شدہ پروگرام کے مطابق سیول سیکریٹریٹ کی جانب پیش قدمی کی ۔پولیس نے احتجاجی ملازمین کو پارک تک محدود رکھنے کی کوشش کی ،جس دوران طرفین کے مابین زبردست مزاحمت ہوئی ۔پولیس نے احتجاجی ملازمین کو تتر بتر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا ۔پولیس کارروائی کے نتیجے میں احتجاجی ملازمین کے مار چ میں افر اتفری اور اتھل پتھل پچ گئی ،جسکے نتیجے میں کئی احتجاجی مظاہرین کو چوٹیں آئیں ۔اس دوران پولیس نے ایجیک صدر عبدالقیوم وانی کے علاوہ فیاج احمد شبنم ،شبیر احمد لنگو ،پرویز احمد سمیت درجنوں ملازمین کو حراست میں لے کر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن پہنچایا۔عبدالقیوم وانی نے سرکار پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین کی مانگوں کو پورا کریں ۔