سرینگر//کنٹریکچول لیکچرروں نے کل پریس کالونی میںاحتجاج کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے کا مطالبہ کیا اورریاستی گورنر سے مداخلت کی درخواست کی۔ پرتاپ پارک میں منگل کو ہائراسکینڈری اسکولوں میں تعینات بیسوں کنٹریکچول لکچروروں نے احتجاج کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بعد میں پریس کالونی میں دھرنا دیا ۔احتجاجی مدرسین کا کہنا تھا کہ انکے جائز مطالبات کو پورا کرنے کا مطالبہ سرسری لیا جا رہا ہے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔ ضلع کپوارہ سے آئے ایک کنٹریکچول لیکچرر نے بتایا کہ انکی اہلیت کی ہر سال جانچ کی جاتی ہے اور دیگر پیشہ وارانہ ملازمین کے برعکس انہیں ہر برس سکرینگ ٹیسٹ دینے کیلئے مجبور کیا جا رہا ہے،جس کے بعد سیشن کے آخر میں انہیں باہر کا دروازہ دکھا یا جاتا ہے۔جموں کشمیر پلس2کنٹریکچول لکچررس فورم کے جھنڈے تلے احتجاج مظاہرین نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ انکی مستقلی کیلئے ایس آر ائو مرتب کریں۔انہوں نے کہا’’جب کلہم دہندگی مہمم(ایس ایس ائے) رہبر تعلیم اساتذہ،پی ایچ ای،محکمہ بجلی اور دیگر محکموں کے ملازمین کو مستقل کیا جاتا ہے تو محکمہ تعلیم میں کام کر رہے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا برتائو کیوں کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ احتجاجی لہر چھڑ دینگے۔