پونچھ//حلقہ پنچایت اپر کنویاں محلہ دھڑہ کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے وہ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہے۔پنچایت میں سڑک رابطہ، طبی مرکز اور دیگر سہولیات کے فقدان پر مقامی شہری برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔علاقہ کے لوگوں کی گذارش پربھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدرانجینئرمحمد رفیق چشتی نے اس علاقہ کا خصوصی دورہ کر عوام کے مسائل کو سنے اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ انکے تمام مطالبات کو سرکار تک پہنچاکر جلد ہی حل کروانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے اس دوران عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملک کی سالمیت اور بھائی چارے کو قائم و دائم رکھنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے بھارتی جنتا پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی قیادت میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی کاوشوں کی وجہ سے کسانوں کو کئی طرح کے فائدے پہنچے ہیں اس کے علاوہ غریب لوگوں کو مفت راشن فراہم کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے گھر گھر راشن میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی گھرگھر طبی سہولیات، سڑک رابطہ، پانی اور راشن پہنچانے کیلئے ہر طرح کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جنتا پارٹی میں شامل ہو کر اس جماعت کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں تاکہ علاقے کی تعمیر و ترقی یقینی ہو سکے۔