کنویاںگاؤں میں بنیادی سہولیات کا فقدان | مقامی لوگوں نے انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کیا

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام سے چند کلو میٹرکی دوری پر واقع کنویاں گائوںمیں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔قصبہ پونچھ سے محض دو سے تین کلومیٹر دور کنویاں گاؤں میں جہاں سینکڑوںکنبے رہائش پذیر ہیں،میں بنیادی سہولیات برائے نام ہیں۔ مقامی لوگوں کی جانب سے سنیچروار کو ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اس دوران شہریوں نے کہا کہ ان کو مختلف تکالیف کا سامنا ہے، لیکن سب سے بڑا مسئلہ سڑک رابطہ کا ہے جو یہاں برائے نام موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کے صدر مقام کے سب سے قریبی گائوں ہونے کے باوجود وہاں سہولیات میسر ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ گائوں میں کوئی طبی سینٹر نہیں ہے جس کی وجہ سے سر درد ہونے پر بھی ان کو شہر میں جانا پڑتا ہے۔انھوں نے جل شکتی محکمے کے خلاف بھی برہمی کا اظہا رکیا ۔انھوں نے کہا کہ گائوں میں بہتر تعلیمی نظام کی بھی کمی ہے گاؤں کے بچوں کو کئی کلومیٹر دور شہر کے اسکولوں میں جانا پڑ رہا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ گائوں کی عوام کئی بار کہ اس معاملے کو لے کر حکام کے پاس گئے لیکن اب تک کوئی فائدہ نہیں ہوا۔کنویاں گائوںکی آبادی نے گورنر انتظامیہ سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرائی جائیں۔انھوں نے سہولیات فراہم نہ کئے جانے پر سخت احتجاج کا انتباہ دیا۔