کنفر ٹنل چندر کوٹ کے ایک سرے پرلینڈ سلائیڈنگ گاڑیوں کی آمدورفت متاثر،رات میں سفر سے گریز کا مشورہ

 ایم ایم پرویز

رام بن //جمعرات کی صبح سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کنفر، چندر کوٹ-پیرہ سرنگ کے جنوبی پورٹل پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت دو گھنٹے تک درہم برہم رہی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ کنفر ٹنل کے جنوبی پورٹل پر مٹی کا تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہوگئی جس کی وجہ سے صبح سڑک کی بحالی کے کام کی وجہ سے دو گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کو کنفر میں ایک اضافی دو لین سرنگ کے ذریعے موڑ دیا گیا تھا۔دوسری طرف ڈرائیوروں اور مسافروں نے شکایت کی کہ وہ جمعرات کی صبح چندر کوٹ اور پیرہ کے درمیان ٹریفک کی بھیڑ میں پھنس گئے ہیں۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ نیشنل ہائی وےکھلی رہی تاہم انہوں نے کہا کہ چند بھاری گاڑیوں کے ٹوٹنے اور ڈلواس، مہاڑکیفے ٹیریا، پنتھیال، مگرکوٹ، شلگڑی ، گانگرو، ناچلانہ میں سنگل لین سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت سست رہی۔اس کے علاوہ ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر سڑک کی سطح کی خراب حالت ہونے سے بھی ٹریفک سست رہا۔دریں اثنا، ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر نے جمعہ کے لیے ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ مناسب موسم اور سڑک کے اچھے حالات کے تحت درمیانی اور بھاری گاڑیوں کو قومی شاہراہ کے دونوں طرف چلنے کی اجازت ہوگی۔ٹریفک حکام نے ایک بار پھر مسافر گاڑی چلانے والوں اور مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ رامبن اور بانہال سیکٹروں کے درمیان پتھرآنے کے خدشات کے پیش نظر رات کے اوقات میں قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں۔