کنزر کی مسجد شریف میں چوری کا معاملہ حل،دوگرفتار

بارہ مولہ //بارہ مولہ میں پولیس نے دوافراد کو گرفتار کرکے چوری کی ایک واردات کامعمہ حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن کنزر کوتحریری شکایت موصول ہوئی کہ مسجدشریف اُتکو کنزر کے عطیات کے صندوق سے مبینہ طور پیسے چرالئے گئے ہیں۔شکایت موصول ہونے پر متعلقہ دفعات کے تحت پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے جدید تیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا سہارا لیکر ایک شخص پر توجہ مرکوزکی جس کی شناخت عبدالمجیدلون ولدغلام احمد لون کے طور ہوئی ۔پوچھ گچھ کرنے پر اُس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی عمران حسین کے ساتھ ملکر مسجد شریف کے عطیات کے صندوق سے روپے چرالئے ہیں۔دونوں ملزموں کو گرفتار کیاگیااوروہ پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ کیس کی تحقیقات جاری ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔