کمیونٹی ہیلتھ سینٹر شیری میں دستیاب سہولیات کا جائزہ آئی ٹی آئی بارہمولہ میں ڈپٹی کمشنر کی نوجوانوں سے تبادلہ خیال

عظمیٰ نیوز سروس

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر سحرش اصغر نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر شیری کا دورہ کیا تاکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے مختلف وارڈوں اور شعبوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ ہسپتال میں ادویات ، تشخیص اور دیگر سہولیات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے استفساری گفتگو کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اورانہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں اور ان کے مسائل اور مطالبات بھی سنے۔انہوں نے تمام میڈیکل او رپیرا میڈیکل سٹاف کو تاکید کی کہ وہ لگن ، تن دہی او رخلوص کے ساتھ مریضوں کی خدمت کریں تاکہ وہ علاج کے دوران آرام دہ محسوس کرسکیں۔انہوں نے آئی ٹی آئی بارہمولہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکل ڈیولپمنٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیااو رکڑھائی ، دست کاری اور دیگر ہنر سے وابستہ نوجوانوں سے بات چیت کی۔انہوں نے سکل ڈیولپمنٹ میں مقامی صلاحیتوں کو شامل کرنے کے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مند تربیت بے روزگار نوجوانوں کو مینو فیکچرنگ اور سروس شعبوں میں کافی مواقع فراہم کرے گی اور ضلع میں بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے گراف سے نمٹنے میں مدد کرے گی۔