کمشنر سیکریٹری محکمہ بجلی نے پرنائی پروجیکٹ اور بجلی کے منظرنامے کا جائزہ لیا

 
 
پونچھ//کمشنر سیکریٹری محکمہ بجلی ہردیش کمار (آئی اے ایس) نے پرنائی ہائیڈل منصوبے اور بجلی کے منظرنامے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ضلع پونچھ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے 132KV لائن اور دربہ میں 50MVA ٹرانسفارمر کی تنصیب کے جائزہ کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہول یادو اور دیگرافسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں سی پی ای پرنائی پروجیکٹ، ایچ ای پی ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی ، ایس ای پی ڈی ڈی ، ایکس ای اینز، ایس ای ہائیڈرولک ، ایس ڈی ایم مینڈھر اور ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے شرکت کی۔ ہائیڈل پروجیکٹ کے دورے کے دوران ، کمشنر سیکریٹری نے مختلف مقامات پر ہو رہے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے مقررہ ٹائم لائن کی جانکاری کے علا وہ منصوبے کے حوالے سے جزوی طور پر تفصیلات حاصل کی۔  جس کے بعد انہوں نے متعلقہ افسروں کو تمام مقامات پر مطلوبہ مشینیں نصب کرنے اور نفری تعینات کرکے تعمیراتی کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ میٹنگ کے دوران آفیسران نے آگاہ کیاکہ درابہ میں 132KV لائن اور 50MVA ٹرانسفارمر کے اکثر معاملات حل ہوگئے ہیں توقع ہے کہ 132KV لائن پر کام سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گا اور اگست 2019 کے اختتام تک 50MVA ٹرانسفارمر نصب ہوجائیں گے جس سے ضلع پونچھ میں وولٹیج کے درپیش معاملات میں کافی حد تک بہتری آئے گی۔ چیف انجینئر اور ایکزیکیشن ایجنسیوں کے نمائندوں نے کمشنر سکریٹری کو مختلف بنیادی ڈھانچوں کی بہتری کے کاموں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مختلف اسکیموں کے تحت پونچھ میں 4 نئے سب اسٹیشن بنائے جارہے ہیں اور 5 سب اسٹیشنوں کی توسیع کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے تحت نئی ڈی ٹی اور ایچ ٹی / ایل ٹی کا توسیعی کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظایر کی کہ ان کاموں میں سے 70 فیصد کام سال کے آخر تک مکمل ہوجائیں گے اور اگلے سال تک پونچھ میں بجلی کے منظر نامے میں نمایاں بہتری آئے گی۔کمشنر سیکریٹری نے ایگزیکٹو ایجنسیوں کو کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی تاکہ حکومتی اقدامات کے اثرات میدان عمل میں نظر آسکیں۔ انہوں نے ڈی ڈی سی کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کے انفراسٹرکچرڈیو لپمنٹ کاموں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں تاکہ وہ ٹائم لائن پر قائم رہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پرنائی ہائڈل پروجیکٹ کی تکمیل اور 132 کے وی لائن کی تکمیل سے 2022 تک ضلع پونچھ بجلی کیلئے خود کفیل ہوجائے گا۔