کمرشیل سلنڈر 250 روپے مہنگا

نئی دہلی// تیل اور گیس کمپنیوں نے مالی سال23۔ 2022 کے پہلے ہی دن جمعہ کے روز صارفین کو مہنگائی کا بڑا جھٹکا دیتے ہوئے کمرشیل رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ کیا ہے۔
 
اس اضافے کے ساتھ ہی دارالحکومت میں 19 کلو گرام والا کمرشیل سلنڈر 2253 روپے کا ہو گیا ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کمرشیل سلنڈر میں اس اضافے کی وجہ سے باہر کا کھانا مہنگا ہو سکتا ہے۔
 
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں 19 کلو گرام والے کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں 346 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ اس سے قبل یکم مارچ کو اس کی قیمت میں 105 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا تاہم 22 مارچ کو اس کی قیمت میں 9 روپے کی کٹوتی کی گئی تھی۔