کمان پوسٹ کیلئے بس سروس شروع،آر ٹی او کی جانب سے احکامات صادر

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور لوگوں کی آسائش کیلئے ایک اہم اقدام کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ نے سرینگر سے کمان پوسٹ تک بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر نے سرینگر سے کمان پوسٹ اوڑی تک براہ راست بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو شمالی کشمیر کے اوڑی علاقے میں لائن آف کنٹرول کی آخری فوجی چوکی ہے۔اس ضمن میں جاری بیان کے مطابق آر ٹی او کشمیر نے چیئرمین ویسٹرن بس سروس پارمپورہ سرینگر کو خط لکھ کر سروس شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں اور عام لوگوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر، آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سرینگر سے کمان پوسٹ سلام آباد کیلئے صبح 7.30 بجے بس سروس شروع کی جائے۔ مقامی باشندوں نے حال ہی میں آر ٹی او کشمیر کے ساتھ مسئلہ اٹھایا تھا۔رہائشیوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ نئی بس سروس خطے میں سرحدی سیاحت کو فروغ دے گی۔خیال رہے کہ کمان پوسٹ اوڑی میں ایک مقبول سیاحتی مقام بن گیا ہے جب سے اسے گزشتہ سال جون میں سرکاری طور پر زائرین کے لیے کھول دیا گیا تھا۔