پونچھ// پورے ملک میں منائے جا رہے ’آزادی کے امرت مہااتسو‘ کے تحت محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کی جانب سے پونچھ میں ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔اس ریلی میں مختلف سکولوں کی80 کھلاڑیوں، محکمہ کھیل کے افسروں اور دیگر ملازموں نے کلین انڈیاکے بینر تلے ایک ریلی سپورٹس سٹیڈیم سے نکالی جو بس اڈہ کے راستوں اور مختلف بازاروں سے گھومتے ہوئے دوبارہ سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کوسٹیشن پولیس افسر پونچھ سرویشور سنگھ نے ہرجھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ریلی کی قیادت کرتے ہوئے ضلع کھیل افسر محمد قاسم نے بتایا کہ ملک میںآزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر بھارت کا امرت مہااتسو کے تحت ملک گیر جشن منایا جا رہا ہے جس کے ایک حصے کے طور پر آج کی یہ ریلی بھی منعقد کی گئی ۔انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے نوجوانوں کے فائدے کیلئے اس دوران کئی سکیمیں اور ادارے شروع کئے جن میں ہنر مندی کے فروغ کی وزارت کی تشکیل اور ’کھیلو انڈیا‘ پروگرام شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ آج کی ریلی میں مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں نے زون پونچھ سے شرکت کر کے لوگوں کو صفائی کا پیغام دیا۔
منجا کوٹ میں صفائی مہم چلائی گئی
پرویز خان
منجا کوٹ //مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ مہم ’’کلین انڈیا مہم ‘‘کے زیر تحت محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے منجا کوٹ تحصیل کے متعدد علاقوں میں صفائی مہم چلائی گئی ۔اس صفائی مہم کے دوران قدرتی چشموں کیساتھ ساتھ دیگر جگہوں پر پانی کو صاف کیاگیا ۔متعلقہ شعبہ کی جانب سے فراہم کردہ جانکاری کے مطابق اس مہم کے دوران تحصیل کی پنچایت کلالی اور پنچایت نیلی میں ایک مہم چلاکر قدرتی چشموں کی صفائی کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ صفائی مہم کلین انڈیا مہم کے زیر تحت ڈسٹر کٹ یوتھ سروسزاینڈ سپورٹس آفیسر کی ہدایت پر چلائی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ منجا کوٹ میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس شعبہ کی جانب سے اس سے قبل بھی کئی فلاحی پروگرام منعقد کئے گئے ہیں ۔