کلسٹر ماڈل ولیج گورسائی : بغیر کسی حکمنامہ یا ہدایت کے کام شروع

مینڈھر//مینڈھر کے گورسائی علاقہ کے لوگوں نے مینڈھر تا سرنکوٹ سڑک کو بند کرکے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔اس دوران کئی گھنٹوں تک سڑک کو گاڑیوں کی آمدروفت کے لئے بند کرکے محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ سرکار نے چند مہینے قبل گورسائی علاقہ میں کلسٹر ماڈل ولیج دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد علاقہ میں کام کاج شروع کئے گئے لیکن حیران کن طور پر کچھ لوگوں نے سیاسی ملی بھگت سے بغیر کسی ٹینڈر کے اپنے طور پر ہی کام شروع کردیئے ہیں اور قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈسپنسری جو گورسائی نالہ میں تعمیر کرنی تھی، کو سیاسی مداخلت پرپھامڑا ناڑ منتقل کیاجارہاہے اور وہیں پر اس کام کو شروع بھی کردیاگیاہے جبکہ پھامڑا ناڑ میں پہلے سے ہی سنٹر موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چند لوگ اپنی مرضی سے کام کروا رہے ہیں جو سیاسی پشت پناہی رکھنے والے ہیں ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے نائب تحصیلدار مینڈھر تعارف حسین شاہ موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے لوگوں سے بات چیت کرکے احتجاج  ختم کروایا۔نائب تحصیلدار نے کہاکہ کوئی بھی شخص اپنی مرضی سے کام شروع نہیں کرسکتا اور اس میں ملازمین ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔محکمہ دیہی ترقی کے ایک افسر نے کہاکہ ابھی تک کوئی بھی کام شروع نہیں کیاگیا اور نہ ہی ان کے پاس کوئی حکمنامہ آیاہے ۔انہوںنے کہاکہ انہوںنے کسی کو کام کرنے کی ہدایت نہیں دی اور لوگ اپنی مرضی چلارہے ہیں ۔