سرینگر// وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی شہری کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا ہے۔ برطانیہ کے دورہ پرمانچسٹر میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سابق نیوی آ فیسرکلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم کلبھوشن کیس میں 19 فروری کو شواہدپیش کریگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا تاہم پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیرمیں بین الاقوامی مبصرین اورصحافیوں کوخوش آمدید کہیں گے، مسئلہ کشمیرپرسابق حکومت کارویہ معذرت خواہانا تھا جب کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے ہمیشہ سے تیار ہے۔افغان امن کے حوالے سے سوال پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کااہم کردار ہے اور پاکستان پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ پرامن اورترقی یافتہ افغانستان ہمارے مفاد میں ہے۔