کلا کیندرجموں میں منعقدہ ہینڈ لوم ایکسپو 2017-18

 جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ ڈیزائنوں میں جدیدیت لانے اور نئی تکنیک کا استعمال کرنے پر زور دیا ہے تاکہ بُنکر اپنی مصنوعات سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں اور ان کی مصنوعات قومی وبین الاقوامی مارکیٹوں میں بڑی تعداد میں فروخت ہو۔وزیر آج یہاں کلا کیندرجموں میں منعقدہ ہینڈ لوم ایکسپو 2017-18 ء کے دوران بُنکروں سے بات چیت کر رہے تھے۔14 روزہ نمائش کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ڈیولپمنٹ کمشنرفار ہینڈ لومز اینڈ ہینڈی کرافٹس کے اشتراک سے کیا تھا۔لگ بھگ 47 کواپریٹیو سوسائٹیوں نے نمائش میں حصہ لیااور کانی شال ،اصلی پشمینہ شال اور سٹول ، رفل شال ، ٹویڈ کپڑا ، بیڈ شیٹ و دیگر مصنوعات نمائش میں رکھے گئے تھے۔ہنرمندوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وزیر نے ان کے مصنوعات کو بہتر مارکیٹنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ہنر مندوں سے تلقین کی کہ وہ اپنے مصنوعات میں نیا پن لائیں اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر اپنی مصنوعات کو بڑے بازاروں میں فروخت کریں۔اس موقعہ پر ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا جس کا اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجز نے اہتمام کیا تھا۔ ڈائریکٹر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش شرما ، جوائنٹ ڈائریکٹرہینڈ لوم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں نمریتا ڈوگرہ کے علاوہ محکمہ کے کئی سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔