کشمیر یونیورسٹی کونسل کی 81ویں میٹنگ

 جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر یونیورسٹی کونسل کی 81 ویں میٹنگ کی راج بھون میں صدارت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر ،جو کہ یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، نے کشمیریونیورسٹی کی جانب سے کئے گئے مختلف اِقدامات وسرگرمیوں سے متعلق تفصیلات طلب کیں اور یونیورسٹی حکام کو جامع میں تدریسی و تحقیقی ماحول مستحکم بنانے کے لئے جامع اِقدامات کرنے کے لئے کہا۔وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد نے یونیورسٹی کے اِقدامات اور کامیابیوں سے متعلق مختلف تدریسی ، تحقیقی ،مالی اور امتحانات سے متعلق اصلاحات پر ایک پاور پرزنٹیشن پیش کی۔اُنہوں نے چانسلر کو نئے تحقیقی پروگراموں اور توسیعی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی جو دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے اشتراک سے شروع کی گئی ہیں اور جس کے لئے مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت ناموں پر دستخط ہوئے ہیں۔دوران میٹنگ سینٹر فار اِنٹرڈسپلینری ریسرچ اینڈ انوویشن اور اور سینٹر آف ایکسلنس فار گلیشولوجیکل ریسرچ  کی حصولیابیوں کے بارے میں میٹنگ کو جانکاری دی گئی ۔اِس کے علاوہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی سی ٹی سے متعلق سرگرمیوں،اِنوویشن اور انکیوبیشن سہولیات ، توسیع اور آوٹ ریچ پروگراموں وغیرہ سے متعلق بھی اجلاس کوروشنا س کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ماہرین تعلیم کو نئی تعلیمی پالیسی 2020 کی عمل ا ٓوری میں درپیش چیلنجوںکی نشاندہی کرنے اور اس ضمن میں منصوبہ مرتب کرنے پر زور دیا تاکہ اعلیٰ تعلیمی شعبہ مؤثر نتیجہ خیز اور فعال بنایا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یونیورسٹی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ جامع کی کلہم کام کاج کی بہتری لانے کے لئے ایک نقش راہ تیار کرے، تحقیقی ماحول مستحکم کرنے اور بنیادی ڈھانچہ سہولیات کی توسیع کے علاوہ دیگر تدریسی اور تحقیقی پروگراموں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعلیم و تدریسی کا بہترین طریقہ اِختیار کیا جانا چاہیئے۔تحقیقی کام پر خصوصی توجہ مرکوزکر نے پر زور دیتے ہوئے اُنہوں نے نشیلی اَدویات کی لت سے نمٹنے کے لئے کونسلنگ اور نفسیاتی صحت میں بہتری لانے پر زور دیا۔ اُنہوںنے فیکلٹی ممبران اور طلاب کو بین الاقوامی فیلو شپ اور انعامات حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ،فائنانشل کمشنر ارون کمار مہتا ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر منوج کمار دھر ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر بیچن لال ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز روحیلہ ، نامزد چانسلر پروفیسر شمیم احمد شاہ ، پروفیسر شوکت احمد شاہ ، ڈاکٹر فہمیدہ ہلال ، ڈاکٹر منظور احمد، ڈاکٹر طارق احمد بٹ ، پروفیسر جسپال سنگھ سندھواور ڈاکٹر شملہ، ڈاکٹر نثار احمد میر رجسٹرار کے یو اور دیگر اعلیٰ افسران نے حصہ لیا۔