سرینگر //کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ قانون میں زیر تعلیم طلباء کے آپسی تصادم میں 9 طالب علم زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کو علاج و معالجہ کیلئے صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ شعبہ قانون کے دو طالب علموں میں بدھ کی شام شروع ہوئی لڑائی نے اسوقت سنگین رخ اختیار کیا جب جمعرات کی صبح دو طالب علموں میں پھر سے تلخ کلامیہوئی اور پھر انہوں نے ایک دوسرے پر چاقو سے وار کئے جس کے نتیجے میں ایک طالب علم زخمی ہوا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ شعبہ لاء کے دو طالب علموں کے درمیان ہاتھاپائی نے سنگین رخ اختیار کیااورطالب علموں کے ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر حملہ کرنے کیلئے چاقو کا استعمال کیا۔پولیس اسٹیشن حضرت بل میںتعینات ایک پولیس افسر نے بتایا ’’ شعبہ لاء میں زیر تعلیم طلبہ کے دو گرپوں میں لڑائی اصل میں بدھ کی شام شروع ہوگئی تھی ۔مذکورہ پولیس افسر نے بتایا کہ جمعرات کو طلبہ کے دو گرپوں میں ایک مرتبہ پھر سے جھگڑا شروع ہوگیا اور ایک طالب علم نے چاقو نکال کر دوسرے طالب علم پر حملہ کردیا جسکی وجہ سے اسکی گردن میں زخم آئے۔ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ لاء کے ایک طالب علم کوزخمی حالت میں اسپتال منتقل لایا گیااور اس کی گردن کے پچھلے حصے پر کئی زخم آے تھے اور ابتدائی مرحم پٹی کے بعداسکی حالت میں بہتری آئی اور اسکو گھر رخصت کردیا گیا ۔ ادھر کشمیر یونیورسٹی نے اپنے بیان میں مذکورہ واقعہ کے حوالے سے کہاکہ دو طالب علم گروپوں کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں چند طالب علم زخمی ہوگئے ہیں۔ یونیورسٹی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کی طرف سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو دو دنوں کے اندر وجوہات کا پتہ لگاکر رپوٹ پیش کرے گی اور واقعے کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کرے گی۔
کشمیر یونیورسٹی میں چاقو وار
