کشمیر یونیورسٹی میں خواتین والی بال ٹورنامنٹ کا افتتاح نوجوان لڑکیوں کی شرکت بے حد خوشی کی بات :وائس چانسلر

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے پیر کو یہاںمین کیمپس میں شمالی زون انٹر یونیورسٹی والی بال (خواتین) ٹورنامنٹ 2023-24 کا افتتاح کیا، جس میں پورے شمالی ہند سے 46 یونیورسٹیوں کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ کھیلوں کی تقریب کا انعقاد یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (DPES) نے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (AIU) اور جموں و کشمیر بینک کے زیر اہتمام کیا ہے۔وائس چانسلرپروفیسر نیلوفر خان؛ ڈین کالج ڈیولپمنٹ کونسل کشمیر یونیورسٹی پروفیسر خورشید احمد بٹ، ڈین ریسرچ کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ارشاد احمد ، رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ماجد زمان بابا اور کوآرڈی نیٹر DPES، ڈاکٹر ندیم احمد ڈار کے علاوہ یونیورسٹی کے دیگر افسران، ڈین، ڈائریکٹر، مختلف شعبہ جات کے سربراہ، مرکزی اور سیٹلائٹ کیمپسز کے سکالر اور طلباء اور اسپانسرنگ ایجنسیوں کے ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پریونیورسٹی کے میدانوں میں کھیلوں کے اس اہم ایونٹ کی میزبانی پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ شمالی ہندوستان کے مختلف علاقوں سے نوجوان لڑکیوں کی شرکت کا مشاہدہ کرنا بے حد خوشی کی بات ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کو اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا موقع فراہم کرنے کیلئے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (AIU) کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ نوجوان ریڑھ کی ہڈی اور قوم کے مستقبل کے سفیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ واپس جائیں گے تو کشمیر کی خوبصورتی کے علاوہ آپ وادی کی ثقافت، کھانوں اور مہمان نوازی کے بارے میں بھی بات کریں گے۔پروفیسر نیلوفر نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے اور اس میں شرکت بذات خود ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے اتنی بڑی شرکت کو یقینی بنانے پر ڈی پی ای ایس اور یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا اعتراف کیا اور مستقبل میں بھی لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے ایسی مزید تقریبات منعقد کرنے کا یقین دلایا۔