کشمیر یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرگورنر سے ملاقی

 سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر خورشید اقبال اندرابی نے کل یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ڈاکٹر اندرابی نے گورنر کو یونیورسٹی کے کام کاج کے متعلق تفصیلات دیں اور داخلوں کی تازہ ترین تفصیلات بھی پیش کیں ۔ انہوں نے آف سائٹ کیمپسز میں بھی داخلوں کی صورتحال سے بھی انہیں آگاہ کیا ۔ دونوں شخصیات نے 2016-17 کے دوران ضائع ہوئے تدریسی وقت کی تلافی سے متعلق اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔گورنر نے فیکلٹی اور طلاب میں قواعد و ضوابط سے انحراف سے اجتناب کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا تا کہ کیمپس میں تدریسی ماحول پر منفی اثر ثبت نہ ہو سکے اور جامع میں تدریسی و تحقیقی پروگراموں کو زک نہ پہنچے ۔ دریں اثناء شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد نے کل یہاں راج بھون میں یونیورسٹی چانسلر اور ریاست کے گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی ۔ پروفیسر نذیر احمد نے گورنر کو ترقیاتی ڈھانچے ، مالی منصوبوں ، دستیاب عملے کی تنظیم نو اور خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے سے جڑے معاملات کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر کو یونیورسٹی کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں کے بارے  میں بتاتے ہوئے پروفیسر نذیر احمد نے انہیں جانکاری دی کہ رواں برس کے دوران اس یونیورسٹی سے 35طالب علموں نے این ای ٹی اور ایگریکلچر ریسرچ سروس کا بنیادی امتحان پاس کیا۔ وائس چانسلر نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 11طالب علموں نے اینمل بائیو ٹیکنالوجی میں ریسرچ فیلو شپ کا امتحان پاس کیا،مئی 2017ء سے یونیورسٹی نے ملک کی مختلف فنڈنگ ایجنسیوں سے 4کروڑ روپے مالیت کے 10بیرونی پروجیکٹ حاصل کئے،یونیورسٹی کے شالیمار کیمپس میں مگس بانی ترقیاتی مرکز متعارف کیا گیا۔وائس چانسلر نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی اے آر نے بڈگام ، اننت ناگ اور کرگل میں کرشی وگیان کیندروں کے ڈھانچوں کی ترقی کے لئے 3.5کروڑ روپے کو منظوری دی ہے،ریاستی محکمہ زرعی پیداوار نے ہرن سوئیبگ بڈگام میں کرشی وگیان کیندر کے قیام کے لئے 100کنال اراضی فراہم کی ہے اور کرگل میں کرشی وگیان کیندر پر کام پہلے ہی شروع کیا جاچکا ہے ۔