عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بخشی اسٹیڈیم میں سوموار کو کھیلے گئے سرینگر یوتھ فٹ بال چیمپئن شپ کے ایک غیر معمولی فائنل کی بازگشت بدستور گونج رہی ہے۔ چیمپئن شپ کشمیر کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کے ثبوت کے طور پر سامنے آئی۔ جہاں لڑکیوں اور لڑکوں کی چیمپئن شپ کا ایک ساتھ انعقاد کیا گیا۔ 14 نومبر سے شروع ہونے والے ایک چیلنجنگ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں نے اپنی شان کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔لڑکیوں کی چیمپئن شپ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا اور فائنل کشمیر ایرو اور کے آئی سی بڈگام کے درمیان کھیلا گیا۔ لڑکوں کی چیمپئن شپ میں سولہ ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا اور فائنل ایس سی ایف اے، سری نگر اور گاندربل ایف اے کے درمیان کھیلا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی چنار کور کمانڈر نے کشمیر ایرو (گرلز ایونٹ میں چیمپئن) اور ایس سی ایف اے سری نگر (بوائے ایونٹ میں چیمپئن) کو چیمپئن شپ ٹرافی دی۔ چنار کور کمانڈر نے ’کھیلوں کو زندگی کا ایک طریقہ‘ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور نوجوانوں کو کشمیر میں کھیلوں کا انقلاب لانے کی ترغیب دی۔ٹورنامنٹ کی کامیابی کا سہرا انڈین آرمی، پنیت بالن گروپ (اسپانسر)، کشمیر اسپیکس این جی او (آرگنائزر)، اے این این نیوز (میڈیا پارٹنر)، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل، فٹ بال ایسوسی ایشن، تمام کھلاڑیوں اور شائقین کو دیا گیا جنہوں نے اجتماعی طور پر اس میں حصہ لیا۔