کشمیر ہاٹ میں دستکاری میلے کاساتواں دِن

جموں//شعبہ تمدن محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کشمیر ، نے جاری دستکاری میلے کے ساتویں روز کشمیر ہاٹ (نمائش گاہ) میں ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا۔ 15 دن تک جاری اس دستکاری میلے کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈکرافٹس اینڈ ہینڈ لوومز نے کیا ہے جبکہ محکمہ انفارمیشن کے شعبہ تمدن کے تعاون سے میلے میں روزانہ ثقافتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ایونٹ کا مقصد کشمیر ہاٹ میں عام لوگوں کی آمد میں اضافہ کرنا ہے اور مقامی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔نمائش میں کشمیری دستکاری کی دیدۂ ذیب مصنوعات کے علاوہ کشمیری لذیذ پکوانوں کے سٹال بھی لگے ہیں۔نمائش میں آنے والے افراد کے بچوں کی طبع تفریح کے لئے مختلف اقسام کے جھولے وغیرہ نصب کئے گئے ہیں۔ جاری دستکاری میلے کے دوران نمائش کو کثیر جہتی اور رنگین بنانے کی خاطر کلچرل یونٹ کشمیر سے وابستہ فنکاروں نے رنگارنگ پروگرام پیش کئے اور حاضرین کی بھاری تعداد کو محظوظ کیا۔ اس کے علاوہ وادی کے نوجوان فن کاروں نے مختلف میوزکل پروگرام بھی پیش کئے۔دریں اثناء کلچرل افسر کشمیر توحید احمد میر نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے نہ صرف شرکأ فنکاروں کو اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کاموقعہ ملتاہے بلکہ ابھرتے فنکاروں کو بھی سامنے آکر اپنی پوشیدہ صلاحیت کو ظاہر کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔ کلچرل آفیسر نے کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں وادی کے نوجوان فنکاروں کو عوام کے سامنے لانے کیلئے ورچیول ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ ہم اپنی تمدنی و ثقافتی روایتوں کو دوام دینے میں مددگار ثابت ہوں۔واضح رہے ورچیول ٹیلنٹ ہنٹ عید الاضحی کے بعد شروع ہوگا۔کلچرل وِنگ کے معاون سربراہ شکیل شان نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کی کلچرل وِنگ کی طرف سے وادی کے نو آموز اور نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے گی تاکہ ہم اپنے فن اور ثقافتی ورثہ کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوں۔