کشمیر کی صورتحال،فوجی سربراہ کی اجیت دوول سے ملاقات

  نئی دہلی // ریاستی گور نر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے کے بعد بری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے نئی دلی میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دﺅل سے ملاقات کی ۔30منٹ کی ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ نے قومی سلامتی مشیر کو جموں وکشمیر کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے مفصل جانکاری فراہم کی ،تاکہ موجودہ کشیدہ اور پُر تناﺅ صورتحال سے نمٹے کےلئے ایک نئی حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔ ملاقات کے دوران کشمیرمیں اُبھر تی ہوئی نئی صورتحال ،موجودہ پُر تناﺅ وکشیدہ ماحول ، ہلاکتوں کے واقعات کے علاوہ دیگر کئی اہم امورات زیر بحث لائے گئے ۔بری فوج کے سربراہ نے سنیچر کو دو علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران ریاستی گور نر این این ووہرا اور ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ہنگامی دورے کے دوران کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے گور نر این این ووہرا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے دوران ریاست جموں وکشمیر کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر کشمیر میں پیدا ہونے والی نئی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے جانکاری حاصل کی ۔ وزیر اعلیٰ کیساتھ ہوئی فوجی سربراہ کی ملاقات میں ویڈیوز کے معاملے پر محبوبہ مفتی نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ان سے کہا کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔اِن ملاقاتوں کے بعد جنرل بپن راوت نے قومی سلامتی مشیر اجیت دﺅل کے ساتھ ملاقات کی ۔ ضمنی انتخابات میں تشدد کی تازہ لہر ، ہلاکتوں ، متنازعہ ویڈیوز کے پس منظر میں فوجی سربراہ جنرل بپن راوتھ نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دﺅل کو کشمیر کے اپنے دورہ کے حوالے سے بریفنگ دی ۔فوجی سربراہ اور قومی سلامتی مشیر کے درمیان کشمیر کی موجودہ اور کشیدہ وپُرتناﺅ زیر بحث آگئی ۔ طرفین کے مابین جاری رہنے والی خصوصی میٹنگ میں دیگر امورات بھی زیر لائے گئے ،تاکہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے ایک جامع پالیسی اور حکمت عملی مرتب کی جاسکے ۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی مشیر اجیت دﺅل کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بری فوج کے سربراہ بپن راوت کی جانب سے پیش کی گئی جانکاری کے پس منظر میں وزیر اعظم ہند نریندرا مودی کے ساتھ آنے والے دنوں ملاقات کرسکتے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ضمنی چناﺅ میں ووٹر ٹرن آوٹ مایوس کن رہنے کی وجہ سے مرکزی سرکار کو کافی تشویش ہے ۔اس ضمن میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ کشمیر میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے نتیجے میں مجموعی ووٹنگ شرح میں کمی قابل تشویش ہے ۔ان کا کہناتھا کہ یہ معاملہ قابل تشویش ہے ،ہمیں نے فیصلہ کیا کہ ہم کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے۔ذرائع کے مطابق ”کشمیرسے متعلق نئی پالیسی اور نئی حکمت عملی مرکزکے زیرغور“ہے ۔