عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے پی ایم سوریہ گھر سکیم اور پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت تاخیر سے ادائیگی سرچارج کی چھوٹ کو گھریلو صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے بڑے اَقدامات قرار دیا۔تین کلو واٹ تک کی سولر روف ٹاپ سے مستفید ہونے والے افراد اب 94,800 روپے کی سبسڈی کے اہل ہوں گے جس سے وزیر اعظم سوریہ گھر سکیم کو 1.59 لاکھ روپے کی پروجیکٹ لاگت کا 60 فیصد تک سبسڈی ملے گی۔
اسی طرح پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت گھریلو صارفین کو 31 ؍مارچ 2025 ء تک ایک بار یا قسطوں میں واجب الادا اصل رقم ادا کرنے پر پہلے ہی سود کی چھوٹ مل رہی ہے۔ ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وزیر اعظم سوریہ گھر سکیم اس وقت مزید پُرکشش ہوگئی ہے جب حکومت یوٹی نے ایک کلو واٹ کے لئے 3,000 روپے ، 2 کلو واٹ کے لئے 6,000 روپے اور 3 کلو واٹ کے پلانٹ کے لئے 9,000 روپے کی اِضافی سبسڈی فراہم کی ہے جس سے سکیم کے تحت 3 کلو واٹ تک کے پلانٹ کے لئے سبسڈی کی زیادہ سے زیادہ حد 85,800 روپے سے بڑھ کر 94,800 روپے ہوگئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل پورٹل پر پلانٹ کے کامیاب آغاز کے بعد یو ٹی حکومت ایم این اینڈ آر ای سبسڈی کے ساتھ اپنا حصہ براہ راست فائدہ اٹھانے والے صارفین کے کھاتے میں واپس کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے صوبہ کشمیر کے 44,000اِستفادہ کنندگان کے لئے سبسڈی کے یو ٹی حصے کے طور پر 27.07 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے جو 31؍ مارچ 2027ء تک جاری رہے گی۔رہائشی گھرانوں کے لئے پی ایم سوریہ گھر سکیم کی اہم خصوصیات میں سبسڈی کا مقررہ وقت میں اجرأ ، پینل میں شامل دُکانداروں اور نیشنل پورٹل پر ایس آر ٹی کی آن لائن ٹریکنگ شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کشمیر ڈسکام کے لئے ہر ماہ 1000 سولر روف ٹاپ کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لئے کے پی ڈِی سی ایل نے ایس آر ٹی پینلوں کی تنصیب اور کمیشننگ رپورٹس پیش کرنے کے عمل میں سہولیت فراہم کرنے کے لئے اِنجینئروں کو نامزد کیا ہے۔ترجمان نے گھریلو صارفین پر زور دیا کہ وہ 31 ؍مارچ 2025 ء کو بند ہونے والی پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت لیٹ پے منٹ سرچارج کی چھوٹ سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اَب تک 1.05 لاکھ اِستفادہ کنندگان نے کے پی ڈِی سی ایل کو 150 کروڑ روپے کی اصل رقم ادا کرکے اَپنے دعوئوں کا اَزالہ کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی کے بھاری بقایا جات رکھنے والے بقیہ 45 ہزار گھریلو صارفین جلد از جلد ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اَپنے الیکٹرک سب ڈویژنوں سے رابطہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ جاری کردہ احکامات کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق ایمنسٹی سکیم میں 31 ؍مارچ 2025 ء کے بعد مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل گھریلو صارفین کی سہولیت کے لئے تمام الیکٹرک ڈویژنوں میں ایمنسٹی کیمپوں کا اِنعقاد کر رہا ہے۔