کشمیر پریس کلب کے عہدیدار پرنسپل سیکرٹری خزانہ سے ملاقی

سرینگر//کشمیر پریس کلب کے عہدیداروں کے ایک وفدنے کل پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کے ساتھ ملاقات کر کے پولو ویو سرینگر میں کلب کے دفتر کو چالو کرنے میں درپیش مسائل کے بارے میں انہیں بتایا۔اس موقعہ پر ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر، ڈائریکٹر بجٹ امتیاز احمد وانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔شجاع الحق کی سربراہی میں مذکورہ وفد نے سیکرٹری فائنانس کو بتایا کہ پولو ویو آفس میں ایک ریسٹورنٹ شروع کیا گیا ہے۔وفد نے نوین کمار چودھری کو فٹنس سینٹر، پریس کانفرنس روم اور دیگر سہولیات قائم کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی بتایا جس سے آمدن حاصل کر کے پریس کلب کی بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔وفد جس میں کے پی سی کے نائب صدر آصف قریشی اور سیکرٹری معراج الدین کے علاوہ دیگر کئی عہدایدار بھی شامل تھے، نے فائنانس سیکرٹری سے کلب کی تجدید کاری اور فرش و فروش فراہم کرنے کی درخواست کی۔نوین چودھری نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ریاست میں صحت مند صحافت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔نوین چودھری نے کہا کہ کلب کی تجدید کاری کے کام کا منصوبہ تیار کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے جس میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ سے ایک ممبر شامل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنائے جانے والے منصوبہ پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ پولو ویو میں ایچ بی9 عمارت کو پریس کلب کے لئے وقف کیا گیا ہے اور اس عمارت کو ستمبر2014 کے سیلاب میں بھاری نقصان پہنچا تھا۔اس سے قبل ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر اور محکمہ اطلاعات کے جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر محمد اشرف حقاق نے پریس کلب سرینگر کا دور ہ کر کے وہاں جاری کام کا جائیزہ لیا۔