کشمیر ٹریڈ رس الائنس وفد نے صوبائی کمشنر کشمیر سے ملاقات کی

سرینگر//کشمیر ٹریڈرس الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار نے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے سے وادی میں بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کا معاملہ اٹھاتے ہوئے گاڑیوں کی دوبارہ فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ رکھنے کی مانگ کی ۔ کشمیر ٹریڈرس الائنس کا ایک وفد اعجاز شہدار کی سربراہی میں پیر کو پی کے پولے سے ملاقی ہوا اور تجارتی طبقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ اعجاز شہدار نے ڈویژنل کمشنر کشمیر سے  بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے معاملے میں ہمدردانہ غور کرنے پر زور دیا۔اعجاز شہدار نے کہا کہ اس تجارت سے جہاں سینکڑوں لوگ وابستہ ہے اور سرکاری فیصلے کی وجہ سے متاثر ہونے کا احتمال ہے جبکہ نجی طور پر بھی لوگوں کو کافی مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹریڈ رس الائنس کے صدر نے ماہ رمضان کے دوران بازاروں اور دیگر جگہوں پر سٹریٹ لائٹوں کی مرمت کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ وفد نے وادی کے اسپتالوں بالخصوص ایس ایم ایچ ایس سپتال سرینگر میں عملے اور ایمرجنسی ساز و سامان کی قلت کا معاملے اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس اہم اسپتال میں بیماروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفد نے سڑکوں کی خستہ حالی کا معاملہ بھی صوبائی کمشنر سے اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرینگر سمیت وادی میں تمام رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔وفد نے کہا کہ صوبائی کمشنر پی کے پولے نے اطمینان سے تاجروں کے مسائل سے اورکہا کہ گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کا معاملہ انتظامیہ کے زیر غور ہے۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے موقعہ پر ہی ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سے فون پر بات کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ اسپتال میں ضروری ساز و سامان کو دستیاب رکھیں۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا جبکہ اسٹریٹ الائٹس کی مرمت بھی ترجیجی بنیادوں پر کی جائے گی۔ وفد میںہلال احمد، تنویر خان،سجاد حیدر ،عرفان احمد اور فیاض احمد شامل تھے۔