کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیم امدادی سامان لیکر ہجوا آتشزدگی متاثرین تک پہنچی ۔

بانہال//کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ نامی رضاکار اور سماجی تنظیم کے سات ممبران پر مشتمل ایک وفد نے آتشزدگی سے متاثرین ہجوا کے علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان اور نقدی رقم تقسیم کی۔ اس سات رکنی وفد کی قیادت منظور وانگنو کر رہے تھے ۔سات ممبران پر مشتمل امدادی ٹیم نے تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے دور دراز علاقہ ہجواہ میں بھاری امدادی سامان اور نقدی رقم تقسیم کی ۔ کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ سرینگر کی طرف سے ہجوا متاثرین میں تقسیم کئے گئے اس سامان میں دیگر چیزوں کے علاوہ بسترہ،کمبل، کپڑا، ریڈی میڈ سوٹ ، اشیائے خردنی کے ساتھ نقد رقم بھی شامل تھی ۔ اس موقعہ پر سلام فاونڈیشن مہو کے کارکنان بھی سامان تقسیم کرنے میں شانہ بشانہ ان کے ساتھ رہے۔کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر منظور وانگنونے آگ سے تباہ ہوئے لوگوں کی حالت زار اور انکے اجڑے دیاروں کو بچشم خود دیکھ کر نہایت ہی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر کے انہیں زندگی کے اتار چڑھاو اور دکھ درد کو سہنے کا حوصلہ دیا اور ہر حال میں اللہ کی رضاپر صبر کے ساتھ راضی رہنے کا مشورہ دیا ۔