کشمیر ورلڈ فلم فیسٹول کا پانچواں دن

سرینگر//اتوار کو ٹیگور ہال سرینگر میں کشمیرورلڈ فلم فیسٹول کے دوران بالی وڈ فیچر فلم ’پرمانو-دی اسٹوری آف پوکھران‘(2018)کی نمائش کی گئی۔ابھیشیک شرما کی ہدایت میں بنی اس فلم میں جان ابراہم اورڈیاناپینٹی نے مرکزی کردار اداکئے ہیں ۔ دیگر فلمیں جو کل یہاں دکھائی گئیں، اُن میں فہدشاہ کی’رباعی‘،وکرانت بدرکھے کی’دی ڈرینیج ‘،پرنو کرشنا کی ’دی وال‘،ستینشوسنگھ اور دیونشوسنگھ کی ’تماش‘،دانش اقبال کی’سدھو‘اورتوقیر احمد کی ’ہالدا‘ شامل ہیں ۔ایوارڈ یافتہ فلم ،ٹیلی ویژن اور تھیٹر ایکٹر ناگیش بھونسلے نے طلباء اور فلم شائقین کے ساتھ اس دوران تبادلہ خیال بھی کیا اور اداکاری کے بنیادی رموزونکات پر گفتگو کی۔طلباء اور فلم شائقین نے فیسٹول کاانعقاد کرنے والوں کی سراہنا کرتے ہوئے سرینگر میں اس قسم کے فلم فیسٹول کو منعقد کرنے کیلئے انہیں شاباشی بھی دی ۔فیسٹول کے ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سخت سردی کے باوجود طلباء ورکشاپ اور فیسٹول میں شرکت کیلئے آرہے ہیں ۔