کشمیر میں سرد موسم، کہرے اور دھند کا راج | شبانہ سردی نے ڈیرا ڈالا،درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// وادی کشمیر مسلسل سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، اور صبح کے وقت بیشتر علاقوں میں کہرے اور دھند چھائی ہوئی رہتی ہے ، جوخاص طور پر سرینگر سمیت وادی کے مختلف حصوں میںچلنے پھرنے کی صورتحال کو متاثر کر رہی ہے۔ اتوار کو خشک موسم کے درمیان سرینگر سمیت بیشترمقامات پر شدید دھند چھائی رہی اور کہرے کی صورتحال کافی دیر تک برقرار ہی۔موسمیات کے مرکز سرینگر نے اتوار کو جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر ڈویژن کے میدانی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر صبح کے وقت دھند کے ساتھ شدید سردی کی پیش گوئی کی ہے۔سرینگر میں ابر آلود آسمان کے ساتھ موسم خشک رہا اور وادی کے کئی مقامات پر کہر اور دھند چھائی ہوئی تھی جس میں مشہور ڈل جھیل اور بلیوارڈ روڈ بھی شامل ہے، جس سے علاقے میں حد نگاہ متاثر ہوئی۔ڈل جھیل کے کنارے بلیوارڈ روڈ پر سیاحوں کو شدید دھند میں سیر و تفریح کرتے ہوئے دیکھا گیا۔شہر کے بیشتر علاقوں میں صبح کے وقت چلنا پھرنا مشکل ہوگیا اور شدید دھند کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔اس موسم میں پہلی بار اتوار کو صبح کے وقت دھند کی وجہ سے ٹریفک کی صورتحال میں خلل پڑا۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اتوار کو دن کا درجہ حرارت 12.6 ڈگری رہا۔سرینگرجموں قومی کے قاضی گنڈ میں اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اتوار کو جنوبی کشمیر میں پہلگام کا سیاحتی مقام سب سے سرد مقام تھا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0، کپواڑہ 1.2، کوکرناگ 1.8 اور شمالی کشمیر میں گلمرگ کا سکی ریزورٹ 1.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 26نومبر تک اسی طرح کی صورتحال برقرار رہے گی۔