کشمیر میں جنگجوئیت ا ڑھائی اضلاع تک سمیٹ دی

گجرات //وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اُن کی سرکار نے جموں وکشمیر میں جنگجوئیت کو سمیٹتے ہوئے صرف اڈھائی اضلاع تک محدود کرکے رکھ دیا ہے۔ نریندر مودی نے امریلی میں چناوی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی سرکار نے جموں وکشمیر میں جنگجوئیت کو سمیٹتے ہوئے صرف اڈھائی اضلاع تک اسے محدود کردیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک میں کہیں بھی بم دھماکے نہیں ہوئے۔ مودی نے بتایا کہ انہو ںنے جو کچھ گجرات میں سیکھا اُس نے انہیں پڑوسی ملک چین کے ساتھ ڈوکلام تنازعے پر کافی مدد کی۔ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک کے کسی بھی حصے میں کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حال ہی میں دئے گئے بیان، جس میں انہوں نے بالاکوٹ ایئر سٹرائیک کے بعد بھارتی ہم منصب کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی ، پر نریندر مودی نے کہا کہ عمران خان کو عوامی سطح پر بھارتی ہم منصب سے فون اُٹھانے کی اپیل کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ پہلے پہل پاکستان سے دہشت گرد یہاں آکر حملہ کرتے تھے اور بعد میں واپس پاکستان بھاگ جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہندوستان کو ڈراتا دھمکاتا رہا کہ اگر ہم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تو پاکستان جوہری ہتھیاروں کے بٹن دبانے میں دیر نہیں لگائے گا تاہم ہماری سرکار نے ان دھمکیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پاکستان کے اندر گھس کر سرجیکل اسٹرائیک انجام دی جس کے نتیجے میں ہمارے جوانوں نے سرحد پار موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔