کشمیر میں جامنی انقلاب پرفیوم کیلئے استعمال ہونے والے’ لیوینڈر‘ کی کاشت

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے لیوینڈر فارم چیک بدری ناتھ راجپورہ پلوامہ کا دورہ کیا اور فارم میں لیوینڈرپھولوں کا جائزہ لیا۔ وہ فارم کے مختلف بلاکس میں گئے اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تکنیکی عملے کے ساتھ بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ لیوینڈر فارمنگ وادی میں زیادہ مقبول ہو رہی ہے، اس لیے محکمہ لیوینڈر فارمز کو اس آرائشی، پاک جڑی بوٹی کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ چونکہ نوجوان تعلیم یافتہ کسان اس فصل کو تجارتی خطوط پر لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔مناسب طور پر لیوینڈر کو تیل نکالنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جو پھر صابن، کاسمیٹکس، خوشبوں، ایئر فریشنرز اور ادویات جیسی مصنوعات بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے اننت ناگ، پلوامہ، بڈگام، گاندربل اور کپواڑہ کے اضلاع میں کسانوں نے محکمہ زراعت کی رہنمائی اور تکنیکی مدد کے تحت لیوینڈر کی کاشت شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیوینڈر جیسی خوشبودار اور ادویاتی فصلوں کے فروغ کے لیے خصوصی منصوبے کی منظوری دی ہے۔