کشمیر میں بدترین دور:میر واعظ

 سرینگر //حریت(ع) چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تاریخ کے انتہائی بدترین ظلم و جبر کے دور سے گزر رہے ہیں ، ریاستی دہشت گردی پورے عروج پر ہے اور عوام کو حق خودارادیت کی جدوجہد کی پاداش میں پورے کشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ہے ،  نوجوانوںکو چُن چُن کر صفحہ ہستی سے مٹایا جارہا ہے ۔ رہائشی مکانات مسمار کرکے کھنڈرات میں تبدیل کئے جارہے ہیں اور بلا امتیاز نوجوانوں، بچوں، بزرگوں یہاں تک کہ خواتین کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے ۔لگاتار تین ہفتوں تک خانہ نظر بندی ہٹنے کے بعد جامع مسجد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہاکہ کشمیری عوام مجموعی طور پر عدم تحفظ کے شکار ہوکر رہ گئے ہیں ۔میرواعظ نے کہا کہ چونکہ بھارت میں عام انتخابات قریب ہے اس تناظر میں بھارت کی فرقہ پرست اور جنونی قوتیں بی جے پی اپنے سیاسی ایجنڈے اور اہداف کی تکمیل کی خاطر کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔