کشمیر: فضائی ٹریفک متاثر، قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے پرہیز کی ہدایات

سری نگر//خراب موسمی حالات کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر بدھ کو بھی صبح کی تمام پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
ادھر حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتیاط کریں۔
بتادیں کہ وادی کا ملک کے ساتھ گذشتہ روز یعنی منگل کو بھی خراب موسمی حالات کی وجہ سے فضائی رابطہ منقطع رہا تھا۔
ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر ہوائی اڈے پر فی الوقت صبح کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دو پروازوں کو موخر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روشنی میں بہتری واقع ہوتے ہی فضائی ٹرانسپورٹ کو بحال کیا جائے گا۔
دریں اثنا برف باری کے پیش نظر حکام نے لوگوں سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ رام بن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور دیگر رابطہ سڑکوں پر چلنے پھرنے سے پرہیز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں منگل کی شام سے ہی رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے بالائی علاقوں میں جہاں بجلی کا نظام درہم وبرہم ہوگیا ہے وہیں کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں آٹھ جنوری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے۔