تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، تحریک فروغ تعلیم اور ماہنامہ صلاح کار کے زیر اہتمام منعقدہ ایک باوقار تقریب میں دہلی اردو اکیڈمی کے نئے وائس چیئرمین پروفیسر شہپر رسول،اورگورننگ کونسل کے صحافی ارکان جناب سہیل انجم اورایم ودود ساجد کو استقبالیہ دیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ دہلی اردو اکیڈمی کی نئی گورننگ کونسل اکیڈمی کونئی بلندیوں تک پہنچائے گی۔ صدارتی تقریرمیں ڈاکٹر سید فاروق نے اکیڈمی کے نئے چیرمین اورنئی گورننگ کونسل کو مبارکباد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ نئی کونسل ان مقاصدکے حصول میں کامیاب ہوگی جس کے لئے دہلی اردو اکیڈمی کا وجود عمل میں آیا ہے ۔تحریک فروغ تعلیم کے روح رواں، پروگرام کے کنوینر اور بزرگ صحافی سید منصور آغا نے مہمانوں کااستقبال کیا اور کہا کہ پروفیسر شہپر رسول صاحب ایک سنجیدہ اور کام کرنے والی شخصیت کانام ہے۔انہوں نے اس سے قبل اکیڈمی کے رکن کی حیثیت سے قابل قدر کام کیے ہیں۔ امید ہے کہ نئی ٹیم کے تعاون سے وہ اکیڈمی کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے، لیکن بہت کچھ دارومدار حکومت کی توجہات پر بھی ہے۔سید منصور آغا نے گورننگ کونسل کا رکن نامزد کیے جانے اور مولانا محمد علی جوہر ایوارڈبرائے صحافت ملنے پر سہیل انجم کومبارکباد دی اور ان کی تعمیری صحافت کی ستائش کی۔ انھوں نے ودود ساجد کو بھی گورننگ کونسل کی رکن بنائے جانے پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ وہ ایک متحرک صحافی ہیں ، انتظامی امورکا ان کا تجربہ اکیڈمی کو فائدہ پہنچائے گا۔ پروفیسر شہپر رسول نے بتایا کہ مشاعرے سے قبل سہیل انجم نے لال قلعہ کے مشاعرے کی تاریخ اور جشن جمہوریہ کے آغاز سے لے کر اب تک کے واقعات پر ایک تفصیلی مضمون قلم بند کیا ہے جو کہ اردو، ہندی اور انگریزی کے اخباروں میں شائع ہوا اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پوسٹ ہوا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم بہتر کام کر سکیں۔سہیل انجم نے تہنیتی جلسہ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہلی حکومت نے ہم پرجواعتماد کیا ہے اورجو ذمہ داری سونپی ہے ، ہماری کوشش ہوگی کہ اس کو پورا کر سکیں اور کہا کہ ہم لوگ بحیثیت صحافی اپنا کام تو کرتے ہی رہتے ہیں اب یہ جو اضافی ذمہ داری ہم لوگوں کو سونپی گئی ہے ہم اس کا حق ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔جلسہ میںمعروف سماجی کارکن حکیم سید احمد خان، روزنامہ جدید خبر کے مدیر معصوم مرادآبادی، آل انڈیا ایجوکیشنل موؤمنٹ کے نائب صدرجناب عبدالرشید انصاری،جناب کلیم الحفیظ اور مفتی عطاء الرحمن قاسمی نے بھی اظہار خیال کیا اورنومنتحب ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔
’’کشمیر عظمیٰ ‘‘کے مستقل کالم نگار سہیل انجمؔ کے اعزا ز میں استقبالیہ
