کشمیر: شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری واقع،27 اور28 دسمبر کو برف باری کی پیش گوئی

سری نگر//وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کے دوسرے روز بھی جہاں موسم خشک رہا وہیں شبانہ درجہ حرارت میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور 23 اور 24 دسمبر کو موسم خراب بھی ہوسکتا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں 27 اور28 دسمبر کو درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم26 دسمبر کی شام سے ہی کروٹ بدل سکتا ہے اور 27 دسمبر کو موسم شدت اختیار کر سکتا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں سال گذشتہ 19 دسمبر کو کم سے کم درجہ حرارت6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گذشتہ ایک دہائی کے دوران سری نگر میں ماہ دسمبر میں سب سے کم شبانہ درجہ حرارت 25 دسمبر 2017 کو درج ہوا تھا جب کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔