کشمیر شاہراہ پر بد ترین ٹریفک جام

بانہال //جمعرات کے روز جموں سرینگر شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جو صبح سے ہی شدید ٹریفک جام کی صورت اختیار کر گیا اور دوہزار سے زائد مسافر اور مال گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں اور رفتار سست ہے۔ 
کل بدھ کے روز ضروری مرمت کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند تھی اور آج دونوں طرف سے ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی لیکن رام بن اور ناشری ٹنل کے آر پار شدید ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل انتہائی سست رہی۔
اطلاعات کے مطابق رام بن ، چندر کوٹ اور ناشری ٹنل کے درمیان شدید ٹریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت سست رفتار ہے اور مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے میں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 
واضح رہے کہ پچھلے کئی روز سے شاہراہ پر رام بن بانہال سیکٹر میں ٹریفک جام معمول بنا ہوا ہے جس کیلئے مسافر گاڑیوں کی اور ٹیکنگ اور زیر تعمیر فورلین سڑک کی خراب حالت کو زمہ دار مانا جاتا ہے۔