کشمیر سیاحوں کیلئے محفوظ جگہ:گورنر

سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے کشمیر وادی کی قدرتی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر دُنیا کی ایک خوبصور ت ترین جگہ ہے اور یہاں کے لوگ کافی مہمان نواز اور گرمجوش ہیں ۔ گورنر نے پوری دُنیا کے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کشمیر کی سیر پر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں سیاحوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہاں کے لوگ سیاحوں کے تئیں مہمان نوازی اور بھر پور محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ دُنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے جن سیاحوں نے ماضی میں کشمیر کی سیر کی وہ اس بات کے گواہ ہیں کہ یہاں کے لوگ سیاحوں کا کس طرح استقبال کرتے ہیں اور یہ کہ انہوں نے یہاں کسی طرح کے کسی بھی خطرے کو محسوس نہیں کیا ۔ گورنر نے ان باتوں کا اظہار کل سرینگر میں ایشیا کے سب سے بڑے ٹولپ گارڈن کا دورہ کرنے کے دوران کیا ۔ اس دوران اُن کے ہمراہ چاروں مشیر کے وجے کمار ، خورشید احمد گنائی ، کے کے شرما اور کے سکندن کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم بھی تھے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ باغ میں مزید بہتری لانے اور اسے جدیدیت سے ہمکنار کرانے سے متعلق ایک جامع منصوبہ تیار کریں ۔ گورنر نے افسروں اور اہلکاروں کی  کیپسٹی بلڈنگ پر بھی زور دیا تا کہ وہ عالمی سطح کی جانکاری حاصل کر کے سیاحوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کر سکیں ۔ اس باغ کو ایتوار کے روز عوام کیلئے کھولا گیا تھا ۔